102

وزیراعظم آزاد کشمیرکابلدیاتی انتخابات کےبارے میں اہم اعلان

مظفرآباد(سکائی اُردونیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارہ جات ترقی یافتہ معاشرہ کی جدید شکل ہیں۔ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھوں گا ۔ بلدیاتی الیکشن ہو جاتے تو پینافلیکس لیڈروں سے جان چھوٹ جاتی ۔ جب اقتدار سنبھالا تو حکومت اوور ڈرافٹ پر چل رہی تھی آج حکومت نے اوورڈرافٹ سے جان چھڑا لی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ارشد عباسی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے وزیر امور حیوانات چوہدری محمد اسماعیل ، سابق سیکرٹری ڈاکٹر محمود الحسن راجہ ، ریٹائرڈ ڈی جی او جی ڈی سی ملک سعید اسلم ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ باغ ملک آفتاب ، سعید انقلابی ، ایڈمنسٹریٹر بھمبر راجہ غلام ربانی ، خورشید حسین کیانی ، صاحبزادہ ذوالفقار علی خان اور دیگر نے خطاب کیا ۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں سردار محمد عبدالقیوم خان ، سردار سکندر حیات خان ، سردار محمد ابراہیم خان ، کے ایچ خورشید کا بھی خاص طور پر ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارہ جات کے ملازمین کی پنشن کا مسئلہ ہماری حکومت نے حل کیا یہ کوئی احسان نہیں ، ہماری ذمہ داری تھی مگر اب بلدیاتی اداروں کو چاہیے کہ اپنی آمدن بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ارشد عباسی نے کہا کہ 30 سال تک محکمہ کی خدمت کر کے باعزت ریٹائر ہو رہا ہوں ، یہ میرا اثاثہ ہے ، آج جو محبت ملی وہ ہمیشہ یاد رہے گی ۔ میں گزشتہ دور میں پانچ سال تک او ایس ڈی رہا ، ڈاکٹر محمود الحسن راجہ کے فون پر مظفرآباد آیا اور مجھے نئی تعیناتی مل گئی ۔ یہ حقیقت ہے کہ وزیراعظم کا عہدہ آپ سے چھوٹا ہے ، راجہ محمد فاروق حیدرخان بڑے ظرف اور کھلے دل کے مالک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمود الحسن راجہ اور منصور قادر ڈار نے محکمہ کے لیے انتھک محنت کی جو میں اور محکمہ ہمیشہ یاد رکھے گا ۔ اس موقع پر انہوں نے تقریب میں آنے والے جملہ مہمانوں کا فرداً فرداً نام لے کر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ انہیں سب لوگ دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں